انسانی وقار ، عظمت، شوکت ، جاہ وجلال

292 Views

بروز 15 نومبر 2021 بیکن ہاؤس اسکول مردان میں انسانی وقار ، عظمت، شوکت ، جاہ وجلال کے نام سے ایک ایسی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گورنمنٹ اسکول کے طلباء ، بیکن ہاؤس اسکول کے پرائمری لیول سے جماعت دوم ، جماعت سوم ، جماعت چہارم اور جماعت پنجم کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لے کر اسے کامیابی سے ہم کنار کرایا اور عوام الناس میں ان جذبات کو ابھارنے کی حتی الامکان کوشش کی ۔ اس کوشش کی والدین نے بے حد پذیرائی کی اور اس تقریب میں شامل ہو کر اس تقریب کے حسن کو کئی گنا بڑھا دیا۔للّٰہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اسے یہ اعزاز دے کر تمام خلق خدائی پر فوقیت بخش دی ۔ اب انسان پر یہ ذمہ داری عائد ہو جاتی ہے کہ وہ اپنے اس اعزاز کی لاج رکھے اور اشرف المخلوقات ہونے کے خواص پیدا کرے چنانچہ انھی خواص کو بڑھاوا دینے کے لیے بیکن ہاؤس مردان نے ایسی تقریب کا اہتمام کیا کہ جس میں انسانی وقار ، عظمت ،شوکت اور جاہ و جلال جیسے خواص نہ  صرف دکھائی دئیے بلکہ عملی طور پر لاگو ہوتے ہوئے بھی نظر آئے۔
اس تقریب میں گورنمنٹ اسکول کے طلباء کو دعوت دی گئی جنہوں نے بیکن ہاؤس کے طلباء کے ساتھ مل کر اس تقریب کو چار چاند لگائے۔ گورنمنٹ اسکول کے طلباء نے تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کرتے ہوئے پے در پے اپنی ذہانت کے جوہر دکھائے۔ کبھی اپنی مدھر آواز میں نعت خوانی کی تو کبھی نظم پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے اور یہی نہیں بلکہ کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہوئے پر جوش جذبات کا اظہار کیا ۔ اور پوری طرح تقریب کو کامیابی سے ہم کنار کرایا۔
بیکن ہاؤس کے طلباء بھی اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے کسی طرح بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اور ہر میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے دکھائی دئیے۔جماعت دوم کے ننھے طلباء نے اساتذہ کو خراجِ تحسین اس انداز میں پیش کیا کہ ہر لب پر ان کی واہ واہ تھی۔ جماعت سوم کے طلباء بھی کسی طرح بھی پیچھے نہ رہے اور انھوں نے مختلف شعبہ جات کے کمالات دکھاتے ہوئے حاضرین کے دل جیت لیے ، ہر شعبے کو یکساں پذیرائی دی گئی چاہے وہ ڈاکٹر جیسا اعلی مقام ہو یا پھر معمولی موچی ہی کیوں نہ ہو ۔ ہر پیشے کے لیے طلباء نے بھرپور محنت کی اور اپنی اداکاری اور الفاظ کی جادوگری سے اسے انمول اور قابلِ محترم بنایا۔ جماعت چہارم سے طلباء نے مزدور بچوں کا روپ دھارا اور حاضرین پر یہ ثابت کرنے کی کوشش میں کامیاب رہے کہ مزدور بچے ملک کا سرمایہ ہیں اور اس سرمائے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے پوری جدوجہد اور کوشش کی ضرورت ہے ۔ جماعت پنجم کے طلباء نے معاون عملے کو اسٹیج پر دعوت دیتے ہوئے ان سے آپ بیتی سنانے کی درخواست کی اور ان کے کام کو سراہتے ہوئے انھیں مختلف تحائف سے نوازا گیا۔ اسی سلسلے میں جماعت پنجم کے طلباء نے آکر خدمتِ خلق کے ان عظیم رہنماؤں کی یاد تازہ کر دی جو گو کہ آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن ان کا کام تا قیامت زندہ رہ کر انھیں ہمیشہ زندہ رکھے گا ۔ جس کی جیتی جاگتی مثال عبد الستار ایدھی کی شکل میں پیش کی گئی ۔
انسانی عظمت اور جاہ جلال کو زندہ رکھنے کی ایک چھوٹی سی کاوش گورنمنٹ اسکول اور بیکن ہاؤس مردان کے طلباء  نے اس تقریب کے ذریعے کی اور اساتذہ کسی قدر انسانی عظمت جیسے عظیم جذبے کو طلباء میں پیدا کرنے کامیاب رہے۔