Women’s Day

46 Views

Tehmina Baji

میرا نام تہمینہ ہے اور میں بیکن ہاؤس اسکول سسٹم، ایلیمنٹری کیمپس میں پچھلے دس سال سے کام کر رہی ہوں۔

میں اپنے کام سے بہت محبت کرتی ہوں۔ مجھے اپنا کام بہت پسند ہے ،میرا ماننا ہے کہ کوئی بھی کام چھوٹا نہیں ہوتا اگر محنت سے کیا جائے تو آپ کا کام آپ کی پہچان بن جاتا ہے ۔میرا کام اسکول کا خیال رکھنا، وہاں کام کرنے والے لوگوں کا خیال رکھنا اور ٹیچرز  کی مدد  کرنا ہے۔ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میں اپنے کام کے ذریعے اسکول کے ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالتی ہوں۔

میرا ماننا ہے کہ معاشرے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا کام کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ آج کل مہنگائی کے دور میں ایک مرد کی کمائی سے گھر چلانا مشکل ہو جاتا ہے، اس لیے خواتین کو بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا چاہیے۔ اسی طرح گھروں اور معاشرے میں مردوں کو بھی خواتین کے کام کرنے کو برا نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

میں سب سے زیادہ اپنی والدہ سے متاثر ہوں۔ انہوں نے ہمیں ہمیشہ یہ سبق دیا کہ محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ انسان محنت کے بغیر زندگی میں کوئی مقام حاصل نہیں کر سکتا۔ جب انسان محنت کرتا ہے تو ہی وہ ترقی اور کامیابی حاصل کرتا ہے ۔

خواتین کا عالمی دن اس لیے منایا جاتا ہے تاکہ خواتین کی محنت، کارکردگی اور معاشرے میں ان کے کردار کو تسلیم کیا جا سکے۔ خواتین بھی مردوں کی طرح اللہ کی بنائی ہوئی مخلوق ہیں اور ان کے بھی احساسات اور جذبات ہوتے ہیں، اس لیے وہ بھی عزت اور احترام کی مستحق ہیں۔

جب میں نے کام شروع کیا تو مجھے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ جہاں میں رہتی تھی وہاں کے لوگوں کی ذہنیت ایسی تھی کہ وہ خواتین کا باہر جا کر کام کرنا پسند نہیں کرتے تھے۔ اس وجہ سے مجھے بہت جدوجہد کرنی پڑی۔ بعض اوقات لوگ مجھے خاتون ہونے کی وجہ سے پیچھے رکھتے تھے اور کھل کر کام کرنے یا اپنی بات کہنے کا موقع نہیں دیتے تھے، لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔

میرے خیال میں خواتین کے لیے تعلیم حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ تعلیم صرف نوکری کے لیے نہیں بلکہ گھر کے ماحول کو بہتر بنانے اور بچوں کی اچھی تربیت کے لیے بھی ضروری ہے۔ تعلیم انسان کے اندر اعتماد اور حوصلہ پیدا کرتی ہے۔

اگر کام کی جگہ پر خواتین کی عزت کی جائے، ان کے کام کی حوصلہ افزائی کی جائے تو یقیناً ان کا دل مزید محنت سے کام کرنے کو چاہے گا۔

نوجوان بچیوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ وہ لازمی تعلیم حاصل کریں اور اپنے کردار کو مضبوط بنائیں۔ باہر نکلیں لیکن ایک مضبوط کردار کے ساتھ نکلیں تاکہ کوئی آپ کو ہراساں نہ کر سکے۔ نوکری کریں یا کاروبار کریں اور معاشی طور پر خود کو مضبوط بنائیں۔ کوشش کریں کہ اپنے کام خود کریں اور کسی کی محتاج نہ بنیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عقل، سمجھ اور شعور دیا ہے، اس لیے ہمیں اسے استعمال کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنے اور اپنے گھر والوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکیں۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ وہ محنتی ہوں، کام سے نہ گھبرائیں اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کریں۔ میرا پیغام یہ ہے کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر کام کریں اور اپنی حدود کا خیال رکھیں۔

گھر کے مردوں کا معاشی ساتھ دینا کوئی بری بات نہیں بلکہ اس سے گھر کے حالات بہتر ہوتے ہیں اور ہم اپنے بچوں کی ضروریات اور خواہشات بہتر طریقے سے پوری کر سکتے ہیں۔

اسی طرح مردوں کو بھی چاہیے کہ وہ خواتین کو عزت دیں کیونکہ وہ بھی کسی کی ماں، بہن اور بیٹی ہوتی ہیں۔ اگر مرد اور خواتین ایک دوسرے کی عزت کریں اور ایک دوسرے کو اہمیت دیں تو معاشرے میں توازن پیدا ہوگا اور ایک خوشحال معاشرہ وجود میں آئے گا۔

Speech to text transcribed through AI