ماں تجھے سلام دنیا میں محبت کی سب سے خوبصورت مثال ماں ہے

23 Views

Written by:

Ms. Samina Nusrat

دنیا میں بے شمار رشتے ہیں۔ کچھ خون سے جڑے ہوتے ہیں، کچھ ضرورت سے، کچھ
محبت سے اور کچھ مفاد سے۔ مگر ایک رشتہ ایسا ہے جو ہر غرض، ہر شرط اور ہر
صلے سے پاک ہے — اور وہ رشتہ ماں کا ہے۔ ماں صرف ایک لفظ نہیں، بلکہ محبت،
قربانی، دعا، شفقت اور ایثار کی مکمل تصویر ہے۔ انسان جب دنیا میں پہلی بار آنکھ
کھولتا ہے تو سب سے پہلے جس چہرے کو دیکھتا ہے، وہ ماں کا چہرہ ہوتا ہے۔ اور
شاید اسی لیے اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت کو سمجھانے کے لیے ماں کی محبت کی مثال
دی۔
اللہ تعالیٰ ستر ماؤں سے زیادہ اپنے بندے سے محبت کرتا ہے۔ ذرا سوچئے، اگر اللہ اپنی
محبت کو بیان کرنے کے لیے ماں جیسی ہستی کی مثال دیتا ہے، تو ماں کا مقام کتنا بلند
ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ماں کی محبت میں خدا کی رحمت کی جھلک شامل
ہوتی ہے۔ ماں وہ سایہ ہے جو دھوپ خود سہہ کر اپنی اولاد کو ٹھنڈک دیتا ہے۔

ماں کے قدموں تلے جنت ہے
ماں کی دعا میں زندگی کی برکت ہے

ماں کی زندگی کا ہر لمحہ قربانی سے عبارت ہوتا ہے۔ وہ نو مہینے اپنی کوکھ میں ایک
نئی زندگی کو سنبھالتی ہے، پھر اپنی نیندیں قربان کرکے بچے کو سکون دیتی ہے۔ بچہ
بیمار ہو تو ماں کی راتیں جاگتے ہوئے گزرتی ہیں، بچہ روئے تو اس کی آنکھیں بھیگ
جاتی ہیں، اور بچہ مسکرا دے تو اس کی دنیا روشن ہو جاتی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے
کہ ماں کبھی اپنے ان احسانات کا حساب نہیں مانگتی۔ نہ وہ ستائش چاہتی ہے، نہ بدلے
میں کچھ طلب کرتی ہے۔ وہ بس خاموشی سے اپنی محبت کا چراغ جلائے رکھتی ہے۔

وہ ہستی جو کبھی تھکتی نہیں
ماں ہی تو ہے جو کبھی اپنے لیے جیتی نہیں

ماں دنیا کا واحد رشتہ ہے جو اپنی اولاد کو اپنے سے آگے بڑھتے دیکھ کر خوش ہوتا
ہے۔ ایک ماں کبھی اولاد سے مقابلہ نہیں کرتی، بلکہ اس کی کامیابی میں اپنی کامیابی
تلاش کرتی ہے۔ وہ چاہتی ہے کہ اس کا بچہ دنیا میں بھی عزت پائے اور آخرت میں بھی
سرخرو ہو۔ اسی لیے ماں کی ہر دعا میں اپنی ذات سے زیادہ اولاد شامل ہوتی ہے۔
ماں کی محبت سمندر سے بھی گہری اور اس کی دعا آسمان سے بھی بلند

ہوتی ہے

ماں کی ممتا صرف کھانا کھلانے یا پرورش کرنے تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ وہ اپنے
بچوں کے خوابوں کو اپنی آنکھوں میں بساتی ہے۔ وہ ان کے ہر درد کو محسوس کرتی
ہے، ان کی ہر خوشی پر مسکراتی ہے اور ان کے ہر غم میں ٹوٹ جاتی ہے۔ ماں کی
گود وہ واحد جگہ ہے جہاں انسان عمر بھر سکون ڈھونڈتا رہتا ہے۔ ماں صرف ایک دن
منانے کا نام نہیں، بلکہ ہر دن اس کے احترام، محبت اور خدمت کا تقاضا کرتا ہے۔

ہر کامیانی ادھوری لگتی ہے جب تک خوشیاں منانے کے لیئے ماں کاساتھ نہ

ہو

آج اگر ہماری ماں ہمارے ساتھ ہے تو ہمیں چاہیے کہ اس کے قدموں میں جنت تلاش
کریں، اس کی دعاؤں کو اپنی زندگی کا سرمایہ بنائیں اور اس کی محبت کا احترام کریں۔
کیونکہ ماں جیسا خلوص، ماں جیسی دعا اور ماں جیسی محبت دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔

صرف خدا نہیں ہوتی
ورنہ ماں کیا نہیں ہوتی

ماں تجھے سلام۔