محفلِ میلاد النبی ﷺ ہمارے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کی شمع روشن کرنے کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے۔ اسی روحانی جذبے کے تحت ایلیمنٹری کیمپس (کے اے ای سی ایچ ایس) نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت تقریب کا مقصد بچوں کے دلوں میں حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس سے محبت پیدا کرنا اور ان کی سیرتِ طیبہ سے روشناس کرانا تھا۔
اس روح پرور محفل میں مہمانِ خصوصی طلبہ و طالبات کی معزز والدین تھے، جنہوں نے اپنی بھرپور شرکت سے اس محفل کو مزید وقار بخشا۔ والدین کی موجودگی نے اس تقریب کو نہ صرف یادگار بنایا بلکہ بچوں کے لیے بھی باعثِ حوصلہ افزائی رہی۔
محفل کے دوران بچوں نے نہایت عقیدت اور محبت کے ساتھ نعت کے خوبصورت حدیئے پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کے دلوں کو منور کر دیا۔ ننھے طلبہ و طالبات کی پُرخلوص آوازوں میں پڑھی گئی نعتوں نے فضا کو عشقِ رسول ﷺ سے بھر دیا۔ اس موقع پر درود و سلام بھی پیش کیا گیا اور حضور نبی کریم ﷺ کے اعلیٰ اخلاق، رحم دلی اور انسانیت کے لیے پیغام پر روشنی ڈالی گئی۔ والدین نے بچوں کی کارکردگی کو سراہا اور ادارے کی اس کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دینی اور اخلاقی تربیت پر بھی بھرپور توجہ دے رہا ہے۔
آخر میں دعا کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا اور تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو حضور محمد ﷺ کی سنت کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔



