Noor e Ramzan 2025

19 Views

’’ہر چیز کی زکوٰۃ ہوتی ہے اور جسم کی زکوٰۃ روزہ ہے۔ ‘‘ ( حدیث نبوی) 

رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں اور بخشش کا مہینہ ہے، جس میں اہلِ ایمان عبادات میں مشغول ہو کر تقویٰ اور پرہیزگاری اختیار کرتے ہیں۔ اس مقدس مہینے میں اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں، اور اہلِ ایمان کو نیکیاں کمانے کا بے مثال موقع ملتا ہے۔ بیکن ہاؤس اسکول سسٹم ایلیمنٹری کیمپس پی ای سی ایچ ایس میں بھی اس بابرکت مہینے کی مناسبت سے مختلف دینی اور تربیتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ طلبہ میں اسلامی تعلیمات کے حوالے سے آگہی پیدا ہو اور ان کی روحانی تربیت ہو سکے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی بیکن ہاؤس اسکول سسٹم ایلیمنٹری کیمپس پی ای سی ایچ ایس میں رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کو مزید پرنور بنانے کے لیے کئی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔مختلف قسم کی سرگرمیوں میں نوافل ادا کرنا، تسبیح کا ورد کرنا، تعتیں پڑھنا، قرآن پاک کی تلاوت کرنا اور بچوں کو رمضان المبارک کے اہتمام کی خوشی میں دسترخوان افطار سجا کر ان کو روزے کی اہمیت اور فضیلت سے آگاہ کرنا ہے۔ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ بچوں کے دل میں رمضان المبارک کے مہینے کا احترام ، اس کی برکتیں اور فضیلتوں سے آگاہی حاصل کرنا ہے اور اس کے روحانی اثرات سے روشناس ہونا ہے ۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے۔

’’اے ایمان والو! تم پر اسی طرح روزے فرض کیے گئے ہیں جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ۔‘‘(البقرہ ۲:۱۸۳ (

افطار کا وقت برکتوں اور خوشیوں کا لمحہ ہوتا ہے، جب سب روزے دار مل کر روزہ کھولتے ہیں۔ بیکن ہاؤس اسکول سسٹم ایلیمنٹری کیمپس پی ای سی ایچ ایس میں بھی رمضان المبارک کی روایات کو سمجھانے کے لیے خصوصی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ ننھے طلبہ نے بھالو کی روزہ کشائی میں حصہ لے کر روزہ افطار کرنے کا طریقہ سیکھا، جس میں انہوں نے پہلے دعا کی، پھر کھجور کھائی اور شربت پی کر افطار مکمل کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد بچوں میں روزے کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کے دلوں میں اس مقدس عبادت کا شوق پیدا کرنا تھا۔

اس کے علاوہ، رمضان کی برکات اور اس کی دینی فضیلت کو سمجھانے کے لیے ایک شکرانہ کے دو  نوافل ادا کروائے گئے۔ طلبہ نے انتہائی عقیدت و احترام سے اللہ کے حضورؐ  نا صرف نوافل ادا کیے بلکہ اللہ کی دی گئی نعمتوں اور رحمتوں کا شکر ادا کیا۔

اساتذہ نے نعت خوانی کے ذریعے بچوں کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کی شمع روشن کی، جبکہ طلبہ کو تحائف دے کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ ان سرگرمیوں نے نہ صرف بچوں کے دینی علم میں اضافہ کیا بلکہ ان کے روحانی شعور کو بھی جِلا بخشی۔

رمضان المبارک کے ان بابرکت لمحات میں کی جانے والی سرگرمیوں سے بچوں میں دین سے محبت، عبادات کی رغبت اور نیک اعمال کا شوق پیدا ہوا۔ انہوں نے مل کر نیکی کے کاموں میں حصہ لیا، ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کے جذبات کو پروان چڑھایا، اور رمضان کی حقیقی روح کو محسوس کیا۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادات کو قبول فرمائے اور ہمیں ہمیشہ دین کی روشنی میں زندگی گزارنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین