” نونہالانِ چمن کی مدحتِ رسول ﷺ “
جب معصوم ہونٹوں سے حمد و نعت کی صدا گونجی
بیکن ہاؤس اسکول ارلی ایئر برانچ (کے اے سی ایچ ایس دوم) کے زیرِ اہتمام جمعۃ المبارک، 28اگست کو پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں صبح ۹ بجے ایک روحانی تقریب “محفلِ حمد و نعت” کا انعقاد کیا گیا۔ اس پرنور تقریب میں معصوم کلیوں کے والدین کو بھی خصوصیت کے ساتھ مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب کا مقصد اور روحانی تربیت
اس تقریب کا بنیادی مقصد بچوں کی اخلاقی اور روحانی تربیت کو نکھارنا تھا۔ عمر کا وہ حصہ جو خوابوں اور خیالوں میں گزرتا ہے، جہاں بچوں کو اسٹیج اور مائیک کی اہمیت کا علم بھی نہیں ہوتا اور وہ اپنی من موجی مستیوں میں مگن رہتے ہیں، اس عمر میں ان کے دلوں میں پیارے نبی ﷺ کی محبت کی شمع روشن کرنا ایک نہایت قابلِ تحسین امر ہے۔ بچوں کا مائیک پر آ کر معصومیت سے ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں حمد و نعت پڑھنا اساتذہ کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
محفل کا آغاز
تقریب کی میزبانی کے فرائض جماعت دوم ‘اے’ کے طالب علم ایان عابد اور جماعت دوم ‘بی’ کی طالبہ فبیہا واسع نے باحسنِ خوبی انجام دیے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز جماعت دوم ‘بی’ کے طالب علم محمد ریان نے اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام (تلاوتِ قرآنِ پاک) سے کیا، جبکہ اس کا ترجمہ پیش کرنے کی سعادت جماعت اول “بی” کی طالبہ منال اور اول” اے” کی طالبہ علیانہ کے حصے میں آئی۔
معصوم آوازیں اور عقیدت کے پھول
تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد ارلی ایئر برانچ کی تمام جماعتوں نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
چھوٹے بچوں کا جذبہ: نرسری ‘اے’ اور پری نرسری ‘بی’ کے اساتذہ خاص طور پر قابلِ تعریف ہیں جنہوں نے اتنے چھوٹے بچوں کو اسٹیج کا خوف ختم کر کے اعتماد کے ساتھ کارکردگی دکھانے کے قابل بنایا۔ نرسری ‘بی’ اور ‘سی’ کے بچوں نے بھی اپنے دلنشین انداز سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
ہر کلام کے ساتھ درود و سلام: محفل کے تقدس کو مزید بڑھانے کے لیے ہر کلام کے آغاز میں درودِ پاک کا ورد کیا جا رہا تھا۔
روحانی ماحول: کے جی ‘اے’، ‘بی’ اور ‘سی’ کے طلبہ اور اساتذہ نے بڑی دل فشانی کے ساتھ نذرانہٴ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے دوران بچوں نے سفید لباس اور رنگ برنگے دوپٹوں میں ملبوس ہو کر سامعین میں شیرینی اور عطر کی خوشبو سے رچے بسے پھول تقسیم کیے، جس سے ماحول مزید معطر ہو گیا۔
مدھر آوازوں کا سحر: جماعت اول ‘اے’، اول ‘بی’ اور دوم ‘سی’ کے بچوں نے اپنی مدھر آوازوں کا جادو جگایا۔ جب جماعت دوم ‘اے’ کے بچوں نے قصیدہ بردہ شریف شروع کیا، تو تمام حاضرین اور خواتین نے بھی ان کا ساتھ دیا، جس سے محفل پر ایک وجدانی سماں طاری ہو گیا۔
دعا اور رقت انگیز مناظر
محفل کے آخری حصے میں جماعت دوم ‘بی’ نے دعا کی صورت میں کلام پیش کیا۔ کلام “کر دو کرم مولا، کر دو کرم مولا” کے بعد مس کنول یاسر نے دو معصوم بچوں ابراہیم اور زہرا فاطمہ سے دعا کروائی۔ اس کے بعد مس کنول نے خود بھی نہایت رقت انگیز لہجے میں ربِ کریم کی بارگاہ میں التجا کی، جس نے سب کے دلوں کو چھو لیا۔
اساتذہ اور اسٹاف کی شرکت
اس تقریب کا ایک خاص پہلو ہماری سوئمنگ لائف گارڈ مس ام فروہ اور آئی سی مس رباب جعفری کی شرکت تھی، جنہوں نے اپنی خوبصورت آواز میں بارگاہِ ختم المرتبت ﷺ میں گلدستہٴ عقیدت پیش کیا۔
کوششوں کا اعتراف
میزبان ایان عابد، فبیہا واسع اور مس صائمہ حسین نے اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس محترمہ مہوش عابد، کوآرڈینیٹر مس نازیہ، آئی سی مس رباب جعفری، آئی سی مس عائشہ مصطفیٰ اور میوزک ٹیچر سر امیت کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ تزئین و آرائش کے لیے مس منیزہ، مس سنبل، سر ساجد اور سر توفیق کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
تقریب کے آخری مرحلے میں محترم احمد رضا (کلسٹر ایس او سیون / اے ایم کو) نے اپنی پردرد اور سوز ناک آواز میں اللہ رب العزت کی بارگاہ میں ایسی دعا مانگی کہ پوری محفل پر رقت طاری ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
اختتامیہ
تقریب کے اختتام پر تمام والدین میں شیرینی تقسیم کی گئی۔ والدین نے اسکول انتظامیہ کی اس کاوش اور معصوم بچوں کی اس خوبصورت پیشکش کو بے حد سراہا۔ یوں یہ پرنور محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں ہر سال اس طرح کی بابرکت محفلیں سجانے اور اس کی رحمتیں و برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
![]()
رپورٹ:مس صائمہ حسین