گلوبل ڈگنیٹی ڈے (عالمی یومِ وقار) کی مناسبت سے ہمارے اسکول میں ایک خاص پپٹ شو، یعنی پتلی تماشے کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد بچوں کو وقار، ہمدردی، دوسروں کی مدد اور دوستی جیسی اہم اخلاقی اقدار دلچسپ انداز میں سکھانا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو خزاں کے خوبصورت موسم اور اس میں آنے والی تبدیلیوں سے بھی روشناس کروایا گیا۔ اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ طلبہ کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جس نے اس دن کو مزید یادگار بنا دیا۔
تقریب کا محور “گلوبل ڈگنیٹی ڈے اور موسمِ خزاں” تھا۔ سرگرمی کے مراحل کچھ یوں رہے:
۔ استقبال: بچوں اور والدین کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ والدین کو پہلے ہی ہدایت دی گئی تھی کہ بچوں کو خزاں کے رنگوں، یعنی سرخ، نارنجی، پیلے یا بھورے رنگ کا لباس پہنائیں، چنانچہ پورا ہال خزاں کے رنگوں سے سج گیا۔
۔ پتلی تماشا: ایک دلچسپ کہانی پتلیوں کے ذریعے پیش کی گئی، جس میں بچوں نے وقار ، ہمدردی، دوسروں کی مدد اور دوستی کی خوبصورت مثال قائم کی۔
۔ گفتگو: تماشے کے بعد بچوں سے کہانی کے بارے میں سوالات پوچھے گئے تاکہ وہ اس کے پیغام کو اپنے الفاظ میں بیان کر سکیں۔
۔ موسمِ خزاں کا تعارف: بچوں کو بتایا گیا کہ خزاں میں پتے رنگ بدلتے ہیں، ہوا ٹھنڈی ہو جاتی ہے اور موسم میں کیا کیا تبدیلیاں آتی ہیں۔
اس سرگرمی میں پتلیوں اور موسمِ خزاں کی مناسبت سے سجاوٹ کا استعمال کیا گیا۔
![]()
طلبہ نے پوری تقریب میں بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ وہ پتلیوں کی حرکات اور کہانی کے مناظر کو بڑے غور سے دیکھتے رہے اور کہانی کے دوران ہنستے مسکراتے اور تالیاں بجاتے رہے۔ گفتگو کے دوران بہت سے بچوں نے ہاتھ کھڑے کر کے سوالات کے جواب دیے اور بتایا کہ ہمیں دوسروں کی مدد کرنی چاہیے اور سب کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہیے۔ والدین کی موجودگی نے بچوں کا اعتماد مزید بڑھا دیا اور وہ بڑے فخر کے ساتھ اپنی بات پیش کرتے نظر آئے۔
حاصلِ تعلم
اس سرگرمی سے طلبہ نے یہ سیکھا کہ وقار کا مطلب ہر انسان کی عزت کرنا ہے، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔ انہوں نے ہمدردی، مدد اور دوستی کی اہمیت کو سمجھا اور خزاں کے موسم، اس کے رنگوں اور تبدیلیوں کے بارے میں نئی معلومات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ بچوں میں توجہ سے سننے، کہانی کو سمجھنے، اپنی رائے کا اظہار کرنے اور اعتماد کے ساتھ بات کرنے جیسی مہارتیں فروغ پائیں۔
طلبہ کی رائے
“مجھے پتلیوں والی کہانی بہت اچھی لگی، کیونکہ وقار نے سب کی مدد کی۔”
“مجھے خزاں کے رنگ بہت پسند آئے، اور مما پاپا کے ساتھ مزہ آیا۔”
مجموعی طور پر یہ پتلی تماشا ایک نہایت کامیاب اور یادگار سرگرمی ثابت ہوا۔ اس نے بچوں کو کھیل کھیل میں وقار اور اچھے اخلاق کا سبق دیا اور انہیں قدرت کے خوبصورت موسم سے جوڑا۔ ایسی سرگرمیاں بچوں کی شخصیت سازی کے لیے نہایت اہم ہیں، کیونکہ بچے جو کچھ دیکھ کر اور محسوس کر کے سیکھتے ہیں وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہتا ہے۔ ہم تمام والدین کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے شرکت فرما کر اور مسلسل تعاون کے ذریعے ہماری تقریب کو بامقصد اور پرمسرت بنایا۔
مِس نایاب زیب خان
نرسری گرین