ہفتہ اُردو

36 Views
بیکن ہاؤس کینٹ کیمپس میں ہفتہ اُردو کی سرگرمیاں نہایت خوبصورتی اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئیں، جہاں لوئر پرائمری کے بچوں نے بھرپور اعتماد کے ساتھ دلکش انداز میں مختلف سرگرمیوں کا شاندار مظاہرہ کیا، تلاوت، ٹبلو، نظموں اور قومی زبان کی اہمیت پر پیش کی گئی خوبصورت شاعری نے سب کے دل جیت لیے، اور طلبہ کی محنت، اساتذہ کی راہنمائی اور والدین کے تعاون نے اس پروگرام کو یادگار بنا دیا۔ اپر پرائمری کے طلبہ نے بھی ایک خوبصورت اردو اسمبلی پیش کی جس میں اردو زبان کی اہمیت اور ہمارے عظیم شعراء میر، غالب، اقبال، فیض اور احمد فراز کو خراجِ تحسین پیش کیا، دلچسپ تقاریر، اشعار اور مزاحیہ خاکوں نے ادب سے محبت کو مزید تقویت بخشی۔ گزشتہ ہفتے یومِ اقبال کے سلسلے میں ہونے والی مرکزی اسمبلی میں طلبہ نے اپنی مادری زبان سے محبت اور وابستگی کا بھرپور اظہار کیا، “بچے کی دعا” کو پُرسوز انداز میں پیش کیا گیا جبکہ جماعت ہشتم نے کلاسیکی اردو ادب کی معروف کتابوں کا پُراعتماد اور مؤثر تعارف پیش کر کے داد سمیٹی، جس سے مطالعے کا شوق اور زبان و ادب سے گہرا تعلق پروان چڑھا۔ اسی سلسلے میں سیکنڈری سیکشن کے طلبہ نے بھی بھرپور جوش کے ساتھ حصہ لیا، جہاں انہوں نے اردو نثر و نظم کے منتخب اقتباسات، تقابلی مطالعہ اور زبان کی ادبی تاریخ پر خوبصورت پریزنٹیشنز پیش کر کے اپنی علمی قابلیت ثابت کی۔ ہم اپنے ننھے ستاروں سے لے کر اپر پرائمری اور سیکنڈری سیکشن کے تمام طلبہ کی محنت، اعتماد اور بہترین کارکردگی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔